شیخ نادر عبدالعزیز نوری
اسلامی یونیورسٹی کیرالا اس خطے میں علم کے روشن میناروں میں ایک مینار اور دعوت اسلامی کے قلعوں میں سے ایک قلعہ ہے ۔ یہ یونیورسٹی علم کی اشاعت اور جہالت کے خاتمے اور مسلمانوں کو ترقی کی آخری منزل تک لے جانے کے لیے کوشاں ہے۔ اس کالج کے منتظمین ان ثقہ لوگوں میں سے ہیں جو دعوت اسلامی کے لیے گرانقدر جدو جہد کر رہے ہیں۔ یہ ہمارے شناسا اور قابل اعتماد لوگوں میں سے ہیں۔ اور ہم خدا سے بے خوف ہو کر کسی کی ستائش نہیں کرتے۔
شیخ عبد البدیع صقر
مجھے اسلامیہ کالج شانتا پرم کے قیام کی سلور جوبلی کے موقع پر اس کالج کے فروعی اداروں کو دیکھنے کا موقع ملا۔ ان کے کاموں اور سر گرمیوں سے واقفیت حاصل ہوئی ۔ ان کے ہاتھوں سے سند فراغت حاصل کرنے والے بہت سے نو جوان ایسے ہیں جن کی نظیر ہمارے عرب ملکوں میں بھی نہیں ملے گی۔
ڈاکٹر عبداللہ عمر نصیف (مکّہ مکرمہ)
مجھے اسلامی یونیورسٹی کیرالا کا تعارف لکھتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے جو
علم کے میناروں میں سے ایک مینار اور دعوت کے منبروں میں سے ایک منبر کی
حیثیت رکھتا ہے۔ جو علم کی اشاعت اور جہالت کے خاتمے اور مسلمانوں کے
ارتقاء کے لیے کوشاں ہے۔ اس یونیورسٹی کے ارباب حل و عقد ان ثقہ لوگوں میں
سے ہیں جو دعوت اسلامی کی گرانقدر خدمت کے لیے اپنی ساری توانائیاں صرف کر
رہے ہیں۔
میں بذات خود مذکورہ جامعہ کا مشاہدہ کر چکا ہوں اور اس کے
مساعی حمیدہ سے واقفیت حاصل کر چکا ہوں ۔ یہ پہلے ایک کالج تھا۔ بعد میں
مختلف شعبہ جات ( اصول الدین، شریعہ ، دعوت ، ریسرچ سینٹر وغیرہ ) پر مشتمل
ایک یونیورسٹی میں تبدیل ہو گیا ۔ یہ یونیورسٹی داعیوں اور معلمین کی
تیاری کا کام کرتی ہے۔
شیخ عبد العزیز بن عبد اللہ بن باز
اسلامیہ کالج شانتا پرم، کیرالا تعلیم و تربیت اور دعوت الی اللہ کے بڑے مراکز میں سے ایک ہے جو دعوت اسلامی کی تبلیغ و اشاعت اور مسلمان بچوں کی تعلیم و تربیت کے میدان میں عظیم خدمات انجام دے رہا ہے۔ اس ادارے سے داعیوں اور مدرسین کی ایک بڑی تعداد سند فراغت حاصل کر چکی ہے۔
مولانا ابو الحسن علی ندوی
مجھے اسلامیہ کالج شانتا پرم، کیرالا میں حاضری دینے کا موقع ملا۔ یہ میرے لیے انتہائی مسرت کا موقع تھا۔ جب میری ملاقات اپنے ان بھائیوں سے ہوئی جو نئی نسل کا مقصد تعلیم و تربیت کی سر پرستی فرما رہے ہیں۔ میں نے بطور خاص ان کے اندر سر گرمی، جدو جہد اور اخلاص پایا۔ اور یہی چیزیں ان شاء اللہ ان کے مطلوبہ مقاصد کے حصول اور منزل مقصود تک پہنچنے میں کامیابی کی ضمانت ثابت ہونگی۔
شیخ یوسف القرضاوی حفظہ اللہ(قطر)
اسلامی یونیورسٹی کیرالا جس کو جماعت اسلامی نے قائم کیا ہے۔ اس سر زمین میں عربیت اور اسلام کے قلعوں میں سے ایک قلعہ ہے۔ جس کامقصد ایسے علماء تیار کرنا ہے جو پوری بصیرت اور دلائل و شواہد کے ساتھ دعوت الی اللہ کا فریضہ ادا کر سکیں۔ جو امت مسلمہ کی پریشانیوں اور مشکلات کے تئیں فکر مند ہوں اور مکمل اور متوازن دین اسلام کی روشنی میں ان کا حل تلاش کرنے کے لیے کوشاں رہیں۔ پوری دنیا کے مسلمان ایک امت ہیں۔ ان کا کمزور ترین فرد بھی ان کا مدد گار ہوتا ہے۔ اللہ اپنے بندوں کی مدد میں رہتا ہے جب تک کہ بندہ اپنے بھائی کی مدد میں رہے۔ لہٰذا ہم اپنے مسلمان بھائیوں سے اپیل کرتے ہیں اسلام کی اس حیات بخش عظیم عمارت کو قائم رکھنے کے لیے اپنے بھائیوں کی طرف دست تعاون دراز کریں ۔ تا کہ اسلام اس زمین پر متحرک اور زندہ رہے۔



